💔 خود کو دوسروں سے کم تر سمجھنا: سچ، وسوسہ یا معاشرتی اثر؟
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
✍️ تحریر:- ارسلان تارڑ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
کبھی آپ نے اپنے دل میں یہ خیال محسوس کیا ہے کہ "**یار، میں شاید دوسروں جتنا اچھا نہیں ہوں**"؟ یا کسی کی کامیابی دیکھ کر دل میں چپکے سے یہ خیال آ گیا ہو کہ "**میں تو کچھ بھی نہیں کر پایا**"؟ اگر ہاں، تو آپ اکیلے نہیں ہیں۔ یہ احساس، یہ سوچ، یہ اندرونی خاموش جنگ ہم میں سے اکثر لوگ لڑ رہے ہوتے ہیں۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا یہ سچ ہے؟ یا یہ صرف ایک وسوسہ ہے؟ یا پھر معاشرہ ہمیں ایسا محسوس کرواتا ہے؟
سب سے پہلے تو میں آپ کو یہ بتاتا ہوں کہ یہ سوچ ہم لوگوں میں پیدا کیوں ہوتی ہے؟ اس کی اصل اور بنیادی وجہ کیا ہے۔۔۔
❓ ہم خود کو کم تر کیوں سمجھتے ہیں؟ (احساسِ کمتری کی وجوہات)
بچپن سے لے کر آج تک، ہمیں بار بار بتایا جاتا ہے کہ "فلاں کو دیکھو، کتنا اچھا ہے، تم کیوں نہیں ہو ایسے؟" کبھی رشتہ دار، کبھی اساتذہ، اور کبھی سوشل میڈیا پر چمکتے دمکتے چہرے ہمیں یہ محسوس کرواتے ہیں کہ ہم کافی نہیں ہیں۔
نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ہم اپنے آپ کو دوسروں کے معیار سے تولنے لگ جاتے ہیں۔ ان کا لائف اسٹائل، ان کی کامیابیاں، ان کی خوشیاں — سب کچھ ہمیں اپنی ناکامی لگنے لگتی ہے۔
💡 کیا احساسِ کمتری ایک حقیقت ہے؟
نہیں، نہیں، بالکل نہیں! ہر انسان کا زندگی کا سفر مختلف ہوتا ہے۔ جس کی آج آپ کامیابی دیکھ رہے ہیں، اس نے بیک گراؤنڈ میں کتنی زیادہ محنت کی ہے اور کتنے چیلنجز کا سامنا کیا ہے۔ آپ کو تو صرف اس کا **رزلٹ** دیکھنے کو مل رہا ہے۔
جب آپ یہ محسوس کرتے ہیں تو آپ کے اندر جو **کوالٹیز اور صلاحیتیں** اللہ تعالیٰ نے پیدا کی ہوتی ہیں، ان کو آپ اگنور کر رہے ہوتے ہیں۔ احساسِ کمتری پیدا ہونے کی وجہ سے آپ ڈپریشن اور انزائٹی میں رہنا شروع کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے آپ کی وہ صلاحیتیں بھی مدھم پڑ جاتی ہیں۔
لہٰذا دوسروں کی زندگیوں سے خود کو کمپئیر کرنے کے بجائے آپ خود پر محنت کریں، اپنی اندر موجود صلاحیتوں کو پہچانیں اور ان سے فائدہ اٹھائیں تاکہ آپ بھی کسی اچھے مقام پر پہنچ سکیں۔
🎯 احساسِ کمتری کا حل کیسے ممکن ہے؟ (عملی تجاویز)
یہاں کچھ پوائنٹس دیے جا رہے ہیں جن کو فالو کر کے آپ اپنے اندر موجود اس سوچ کو نکال سکتے ہیں:
-
موازنہ بند کرو:
سب سے پہلے تو آپ خود کو دوسروں سے موازنہ کرنا بند کر دیں۔ ہر بندے کی اپنی جگہ ہے، اپنا راستہ ہے۔ آپ بس اپنی زندگی پر دھیان دیں اور آج سے ہی بہتر بننے کی کوشش کریں۔
-
اپنے سفر پر فخر کرو:
اپنی چھوٹی چھوٹی کامیابیوں کو بھی سراہو اور خود کی تعریف کرو۔ یہی آپ کی طاقت ہیں اور اس سے موٹیویشن ملتی ہے کہ آپ کر سکتے ہیں۔
-
مثبت لوگوں کے ساتھ رہو:
ایسے لوگوں سے دوستی کریں جو آپ کو سپورٹ کریں، آپ کو اچھا سمجھیں اور آپ جیسے ہیں ویسا قبول کریں۔ یقین کریں کہ ایسے دوست زندگی بدل دیتے ہیں۔
-
سوشل میڈیا سے وقفہ لو:
احساسِ کمتری پیدا ہونے کی ایک سب سے بڑی وجہ سوشل میڈیا ہے۔ جب دل بوجھل ہو یا دوسروں کی 'مثالی' زندگی دیکھ کر نیچا محسوس ہو، تھوڑا وقت سوشل میڈیا سے دور رہیں۔
-
شکر ادا کرنا سیکھو:
جو کچھ آپ کے پاس ہے، اس کا شکر کریں اور اپنے آس پاس ایسے لوگوں کو دیکھیں جو ایک وقت کی روٹی بھی مشکل سے کھاتے ہیں۔ الحمدللہ کہنے سے دل خوش ہوتا ہے اور سوچ بہتر ہوتی ہے۔
✨ آپ اپنی جگہ ایک مکمل اور خوبصورت انسان ہیں!
زندگی میں کبھی کبھی ایسا وقت آتا ہے جب آپ کو لگتا ہے کہ شاید آپ کسی قابل نہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ آپ اپنی جگہ ایک مکمل اور خوبصورت انسان ہیں۔ ہر شخص کا سفر الگ ہوتا ہے، اس لیے خود کو کسی اور سے نہ تولیں۔ بس خود کو سمجھیں، خود کو اپنائیں، اور آگے بڑھتے رہیں — یہی اصل کامیابی ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھ سمیت تمام لوگوں کی پریشانیاں دور فرمائے اور ان کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے۔ آمین، ثم آمین۔
والسلام


0 تبصرے